فرخ تنویر ملک
شگر: حلقہ GBA-12 شگر کے ریٹرننگ آفیسر نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد طاہر شگری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عمران ندیم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد طاہر شگری پر انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے انہیں 24 گھنٹوں کے اندر تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے امیدوار عمران ندیم کو اس الزام پر نوٹس جاری کیا گیا کہ ان کی انتخابی مہم سے وابستہ بعض افراد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس سے ممکنہ طور پر انتخابی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہیں بھی 24 گھنٹوں کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو متعلقہ امیدواروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔