نثاراحمد
ریاض،صنعا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سعودی عرب کیخلاف یمن کیحوثی ملیشیا کی ایک اور جارحیت،سعودی اتحاد نے جنوبی ریجن کی جانب داغے گئے چار بیلسٹک میزائل تباہ کردئیے،جبکہ حوثیوں کا ایک کروز میزائل بھی مار گرایا گیا۔سعودی اتحادکے مطابق حوثیوں نے ریاض کونشانہ بنانے کیلئے یمن کے صوبے ذمار میں قائم میزائل لانچنگ پلیٹ فارم استعمال کیا،جسے تباہ کردیاگیا،ریاض کی جانب داغا گیامیزائل فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔سعودی اتحاد کاکہنا ہے کہ ریاض میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی اور میزائل کا ملبہ گرنے سے مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اتحاد کے مطابق ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم نقصان کی نوعیت اور اس کی مجموعی تفصیلات کا تعین کیا جا رہا ہے، حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل بھی فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ریاض میں دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ ہی دیر بعد سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا تھا، تاہم اس وقت خطرے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، بعد میں سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔ریاض میں دھماکوں کی آواز اس وقت سنی گئی جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے ملاقات کی ہے، ریاض میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنمائو ں نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان فوجی تعلقات اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔تازہ میزائل حملے اور سعودی فضائی کارروائیوں کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب کے اہم تجارتی راستے پر سکیورٹی کی صورت حال بھی تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔دوسری جانب حوثی ملیشیا کے زیرانتظام یمن کی سرکاری خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی طیاروں نے جمعرات کی صبح یمن کے دارالحکومت صنعا میں فضائی حملے کئے ، اس پر سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔دریںا ثنایمنی مسلح افواج نے آپریشن فجر الیمن کے تحت حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر شدید فضائی و زمینی کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں جنگجوں کو ہلاک کر دیا۔یمنی فوجی ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں حوثیوں کے مورچوں، گاڑیوں اور ہتھیاروں کے ذخائر کو نشانہ بناتے ہوئے مجموعی طور پر 746 حملے کئے گئے جن میں 21 فضائی حملے، 43 ڈرون حملے، 44 راکٹ لانچر اور 638 توپ خانے کے گولے داغے گئے۔کارروائیوں کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 142 کمانڈرز اور جنگجو مارے گئے جبکہ 72 بکتر بند گاڑیاں اور فوجی سازوسامان تباہ ہو گیا۔فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تعز صوبے کے کئی علاقوں میں حوثیوں کی پیش قدمی روک دی گئی ہے اور دارالحکومت صنعا کے مشرق میں مارب اور الجوف کے محاذوں پر بھی جھڑپیں جاری ہیں۔ ادھر سعودی عرب یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی مہم کے آئندہ سال یعنی 2027 کے وسط تک طویل ہونے کی تیاری کر رہا ہے کیونکہ میدان جنگ میں مشکلات اور سعودی شہروں پر حملوں کے باوجود ریاض مذاکرات سے قبل زمینی برتری حاصل کرنا چاہتا ہے۔مغربی حکام اور باخبر ذرائع کے مطابق یہ تنازع وسیع تر ایران جنگ کا سب سے فعال محاذ بن چکا ہے جس میں حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحل اور آبنائے باب المندب پر قبضہ کر کے عارضی دارالحکومت عدن کے لئے خطرات بڑھا دیے ہیں۔گزشتہ ہفتے ریاض میں سرکاری آئل کمپنی آرامکو کے ہیڈ کوارٹر اور ایئرپورٹ پر حملوں کے باعث عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سمیت ایشین فٹبال کپ جیسے ایونٹس ملتوی کرنا پڑے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے اتحادی افواج کے کمانڈر کو تبدیل کر کے حکمت عملی ازسر نو ترتیب دی ہے اور ریاض پرامید ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ جارحانہ عسکری مدد فراہم کرے تو صورتحال چند ہفتوں میں بدل سکتی ہے۔تاہم ایران کے ساتھ کسی بڑے معاہدے کی صورت میں یمن کی جنگ بھی تھم سکتی ہے۔