میاں زبیراحمد
واشنگٹن۔۔۔۔۔۔۔۔۔عالمی منڈی میں جمعرات کے روز خام تیل کی قیمتیں گزشتہ سیشن میں کمی کے بعد مستحکم ہیں، کیونکہ تیل کی رسد میں اضافے کی توقعات اور امریکی شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات نے ایران جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر ہونے والے حملوں کے اثرات کو زائل کر دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 17 سینٹ یا 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ 92.12 ڈالر فی بیرل رہی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز 9 سینٹ یا 0.11 فیصد کمی کے ساتھ 83.17 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.3 فیصد جبکہ امریکی خام تیل میں 3.2 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے امریکی تیل 26 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گیا تھا۔ماہرین کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجہ تیل کی رسد میں اضافے کی بڑھتی ہوئی توقعات ہیں، کیونکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی ترسیل تقریبا جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہو چکی ہے۔اس کے علاوہ امریکی شرح سود میں اضافے کے امکانات نے بھی تیل کی قیمتوں پر دبائو ڈالا ہے، کیونکہ شرح سود بڑھنے سے معاشی ترقی کی رفتار سست پڑنے اور تیل کی طلب میں کمی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، جبکہ ڈالر کی قدر مستحکم ہونے سے غیر امریکی خریداروں کیلئے تیل مہنگا ہو جاتا ہے۔