دفاعی ہتھیاروں کی بڑے پیمانے پرپیداوار شروع کردی،ایرانی فوج

فرخ تنویر ملک

تہران۔۔۔۔۔۔۔۔ایرانی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نیایرانی فوج نے کہا ہے کہ دشمن نے ایران کی جنگ کا رخ تبدیل کرنے اور محاذ کو پورے خطے تک پھیلانے کی صلاحیت کا درست اندازہ نہیں لگایا، امریکا اور اسرائیل کے ساتھ رواں سال ہونے والی جنگ کے تجربات کے بعد مقامی سطح پر تیار کردہ دفاعی ہتھیاروں اور نظام کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔ بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے کہا کہ آبنائے ہرمز خطے کا اہم تزویراتی مسئلہ ہے جو علاقائی اور عالمی معاشی صورتحال پر نمایاں اثر ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایران نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی اقتصادی معاملات پر بھی اثر ڈالا۔بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے کہا کہ دشمن نے ایران میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے ہائبرڈ جنگ سمیت مختلف طریقے استعمال کیے، تاہم ایرانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان اتحاد نے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی کرتے ہوئے مستقبل میں امریکی جارحیت کے جواب کو غیر متناسب اور کئی سطحوں پر مبنی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب ایرانی ایئر ڈیفنس چیف بریگیڈیئر جنرل علی رضا الہامی نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران مقامی طور پر تیار کئے گئے دفاعی نظام کی کارکردگی کامیاب رہی، جس کے بعد انہیں تیزی سے تیار کرکے ملک بھر میں مختلف مقامات پر تعینات کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی میزائل، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظام نے ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا، ملکی ساختہ ہتھیاروں کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ انہیں غیر ملکی سپلائرز پر انحصار کیے بغیر نئی نوعیت کے خطرات کے مطابق تیزی سے اپ گریڈ کیا جا سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی دفاعی نظام ملک کے جغرافیائی اور موسمی حالات سمیت میدانِ جنگ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں اور ایران مستقبل میں ان ہتھیاروں کی پیداوار اور مختلف جنگی مقاصد کے لئے ان کے استعمال میں مزید اضافہ کرے گا۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x