نثاراحمد
لاہور۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے 4 رکنی سلیکشن کمیٹی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کی ٹیسٹ اسکواڈ میں سلیکشن پر جواب طلب کرلیا ہے۔ گزشتہ روز پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی 4 رکنی سلیکشن کمیٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، شوکاز نوٹس چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے محمد رضوان اور امام الحق کے ٹیسٹ اسکواڈز میں انتخاب پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔جس کے بعد پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے رکن سے کھلاڑیوں کے انتخاب کی وجوہات، معیار اور کارکردگی سے متعلق تحریری وضاحت مانگ لی ہے، دونوں کھلاڑیوں کو کس بنیاد پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں دونوں کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی۔سلیکشن کمیٹی کے رکن کو ہدایت کی گئی ہے کہ شوکاز نوٹس موصول ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر جواب جمع کرایا جائے۔ پی سی بی نے معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اسے ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں مسلسل دوسری شکست کے بعد گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔