نثاراحمد
اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کا لانگ مارچ حتمی ہے لیکن حالات کے مطابق فیصلہ کرسکتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مختلف پلانز موجود ہیں، ہمیں اپنی جماعت اور کارکنوں کی حفاظت بھی کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اب بھی موقع ہے کہ مذاکرات کا راستہ اپنا سکتی ہے، تاہم اس وقت کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہورہے۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ہٹانے سے متعلق تمام باتیں قیاس آرائیاں ہیں، سہیل آفریدی کے خلاف نہ ہی عدم اعتماد کی تحریک آرہی ہے۔خیبر پختونخوا کی صورتحال سے متعلق علی ظفر نے کہا کہ گورنر راج لگانے کے لیے مخصوص حالات ہوتے ہیں جو اس وقت موجود نہیں ہیں۔صوبوں کے معاملے پر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھی صوبے بنانے کے حق میں ہیں، تاہم صوبے لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں۔ موجودہ حالات صوبے بنانے کیلئے سازگار نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے آئینی حق کیلئے تمام آپشنز اختیار کریں گے، احتجاج، مذاکرات، عدالتی کارروائی اور پارلیمنٹ سمیت ہر فورم استعمال کیا جائے گا۔