مراد علی شاہ سے امریکی ناظمہ کی ملاقات، کیٹی بندر منصوبہ اور سرمایہ کاری پر گفتگو

کراچی: (24 ستمبر 2025) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کی نگراں ناظمہ الامور نیتالی ایشٹن بیکر نے ملاقات کی، جس میں کیٹی بندر پورٹ منصوبہ، شاہراہ بھٹو کی توسیع، سیلابی صورتحال، توانائی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوئی، جس میں امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین، پولیٹیکل آفیسر جیرڈ ہینسن اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ نے کیٹی بندر منصوبے کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی پورٹ شدید دباؤ میں ہے اور ایک نئے بندرگاہ کی فوری ضرورت ہے۔ اس موقع پر شاہراہ بھٹو کو بندرگاہ سے منسلک کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ بھاری ٹریفک کو شہر کے اندر سے ہٹایا جا سکے۔

نیتالی بیکر نے بتایا کہ امریکی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام جلد کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ توانائی، صنعت اور خصوصی تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں تھر کول منصوبے، کوئلہ سے گیس، کھاد اور ڈیزل کی تیاری، مقامی وسائل کے مؤثر استعمال اور غذائی تحفظ کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے سپر فلڈ کے لیے وسیع تیاریاں کی تھیں، تاہم اس سال صورتحال کم سنگین رہی، البتہ دھان کی فصل کو نقصان پہنچا۔

دونوں فریقین نے ابتدائی انتباہی نظام، شہری نکاسی آب اور ہنگامی تیاریوں کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں 22 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی امداد، امریکی فوج کی جانب سے کشتیاں، خیمے اور پانی کے پمپ فراہم کرنے پر بھی بات ہوئی۔

سلامتی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے پولیس اور جیل اصلاحات میں امریکی تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کی 22 جیلوں کو جدید بنایا گیا ہے اور حیدرآباد میں جیل عملے کی تربیت کے لیے ادارہ قائم کیا گیا ہے۔ نیتالی بیکر نے ڈی ایس پی منیشا روپیتا کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی پر بھی تعریف کی۔

مزید برآں، ملاقات میں معذور اور بہرے بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے ہی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور امریکی تعاون اس سفر کو مزید مؤثر بنائے گا۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x