گلگت۔۔۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی پر مسلم لیگ ن کے 7 امیدواروں کو شوکاز جاری کردیا، جس میں ہدایت کی ہے کہ ذاتی طور پر یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہو کر وضاحت دیں۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورے کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 7 امیدواروں سمیت اہم قیادت کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ۔ضلعی مانیٹرنگ آفیسر گلگت کی جانب سے صدر ن لیگ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، ڈاکٹر محمد اقبال، عتیق الرحمان اور محمد عالمگیر، ن لیگی امیدوار رانا فرمان، حبیب اللہ اور شفیق الدین کو نوٹسز جاری کئے گئے۔
نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دورے کے دوران این او سی کی شرائط کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، جو کہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔تمام متعلقہ رہنمائوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 مئی دوپہر 2 بجے ڈپٹی کمشنر گلگت کے دفتر میں ذاتی طور پر یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہو کر وضاحت دیں۔