نیویارک۔۔وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے تاریخی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کے دوران کویت کے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رواں برس کے آخر میں کویتی ولی عہد کے سرکاری دورے کا منتظر ہے۔ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کویتی ولی عہد نے فلسطینی عوام کے حق میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔