عبدالجبار
لاہور۔۔۔۔۔۔۔۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی جیلوں کو صرف سزا گاہوں کے بجائے حقیقی اصلاح گاہوں میں تبدیل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کرتے ہوئے اہم منصوبوں اور اقدامات کی منظوری دے دی۔وزیراعلی کی زیرِ صدارت جیل اصلاحات سے متعلق اجلاس میں جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں، نئی جیلوں کی تعمیر، قیدیوں کی فلاح و بہبود، سیکیورٹی، صحت، تعلیم اور جدید سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ننکانہ صاحب جیل کا ویڈیو جائزہ بھی پیش کیا گیا، جس کے بعد وزیراعلی نے اس منصوبے کے لئے ایک ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیتے ہوئے ننکانہ صاحب اور سمندری جیلوں کو رواں سال ستمبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی جیلوں میں اس وقت 68 سے 79 ہزار قیدی موجود ہیں مجموعی گنجائش صرف 39 ہزار ہے۔ اوور کراڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے 27 نئی بیرکوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ چنیوٹ اور مری میں نئی جیلیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ حکومت نے 2027 تک جیلوں کی گنجائش بڑھا کر 43 ہزار 718 کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔وزیراعلی نے قیدیوں کی منتقلی کے لئے استعمال ہونے والی 30 جیل وینز کو ایئرکنڈیشنڈ بنانے، ان میں واش روم، کیمرے، مانیٹرنگ اسکرینز اور آرام دہ نشستیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں جدید خواتین جیلیں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ جوینائل جیلوں اور بروسٹل ہاسز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔وزیراعلی کو بتایا گیا کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کو آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت میسر ہے جبکہ پی سی او کے ذریعے ہر ہفتے 80 منٹ اہل خانہ سے گفتگو کی اجازت بھی دی جا رہی ہے۔ جیلوں میں مقیم ماں اور چھ سال تک کے بچوں کے لیے خصوصی غذائی سپلیمنٹس اور نیوٹریشن پروگرام بھی شروع کیا جا چکا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلی لٹریسی پروگرام کے تحت 4 ہزار 141 قیدی تعلیم حاصل کرنے کے لئے رجسٹرڈ ہیں جبکہ ایک بیرک، ایک لائبریری پالیسی کے تحت سینکڑوں قیدی میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن مکمل کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ 30 ہزار سے زائد قیدیوں کو تعلیم، دینی تربیت، ووکیشنل ٹریننگ، موبائل فون، موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ریپئرنگ، ویلڈنگ، کمپیوٹر اور کوکنگ سمیت مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کی 15 جیلوں میں جیل انڈسٹری کامیابی سے چل رہی ہے جہاں قیدی فرنیچر، قالین، ٹف ٹائلز، میلامائن کراکری، بیوٹی صابن، فینائل، واشنگ پاڈر، ایل ای ڈی لائٹس، فٹ بال اور دیگر مصنوعات تیار کر رہے ہیں۔