عبدالجبار
کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کا شدید کم دبائو شدت اختیارکرگیا ہے، سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی صورت میں اڑیسہ اور چھتیس گڑھ میں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے تحت 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سندھ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، تھرپارکر، عمرکوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹہ، ٹنڈومحمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، نوابشاہ، نوشہروفیروز، دادو میں بھی بارش کا امکان ہے۔جیکب آباد، شکارپور، سکھر، گھوٹکی اور کشمور، لاڑکانہ اور کراچی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سکھر، شہید بینظیرآباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبک ہ جیکب آباد، قمبرشہداد کوٹ، شکارپور،بدین، حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈومحمد خان اور دادو میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہیکہ بحیرہ عرب اورخلیج بنگال کی مون سون ہواں کا بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جب کہ مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ اس وقت ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔