سروائیکل کینسر سے بچاؤ: ایچ پی وی ویکسین اب پاکستان سمیت دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں دستیاب

اسلام آباد: دنیا بھر میں خواتین کی صحت کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی، ایچ پی وی (HPV) ویکسین کا استعمال اب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ ویکسین، جو پہلی بار 2006 میں متعارف کرائی گئی تھی، آج دنیا کے 150 سے زیادہ ممالک کے قومی ویکسینیشن پروگراموں کا حصہ بن چکی ہے۔امریکہ اس ویکسین کو منظوری دینے والا پہلا ملک تھا، جہاں 2006 میں گارڈاسل نامی ویکسین 11 اور 12 سال کی لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے تجویز کی گئی۔ کینیڈا نے بھی اسی سال اس ویکسین کو اپنے قومی پروگرام کا حصہ بنایا۔ آسٹریلیا نے 2007 میں لڑکیوں کے لیے یہ پروگرام شروع کیا اور 2013 سے لڑکوں کو بھی شامل کر لیا۔ اس کامیاب کوریج کے نتیجے میں وہاں سروائیکل کینسر کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

یورپ میں 2007 سے 2010 کے دوران بیشتر ممالک نے اس ویکسین کو شامل کیا۔ آسٹریا، برطانیہ، ڈنمارک اور فن لینڈ ان ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے مرحلہ وار اس پروگرام کو لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کے لیے عام کیا۔ 2021 تک یورپی یونین کے تمام ممالک میں یہ ویکسین دستیاب ہو چکی تھی۔

ایشیا میں جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور اور فلپائن نے 2013 سے 2016 کے درمیان اپنے پروگراموں میں ایچ پی وی ویکسین شامل کی۔ پاکستان نے اس میدان میں حال ہی میں بڑا قدم اٹھایا ہے۔ 15 ستمبر 2025 کو حکومتِ پاکستان نے باضابطہ طور پر 9 سے 14 سال کی لڑکیوں کے لیے ایچ پی وی ویکسین کو قومی ویکسینیشن پروگرام میں شامل کر لیا ہے، جو خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

افریقہ میں روانڈا 2011 میں اس ویکسین کو متعارف کرانے والا پہلا ملک بنا، جبکہ کینیا نے 2019 میں اسے اپنایا۔ عالمی ادارہ صحت اور گاوی جیسے اداروں کی مدد سے 2023 تک 50 سے زیادہ افریقی ممالک نے اس پروگرام کو کسی نہ کسی شکل میں شامل کر لیا۔ لاطینی امریکہ میں برازیل، ارجنٹینا اور میکسیکو سمیت اکثر ممالک نے بھی 2008 کے بعد اس ویکسین کو اپنایا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2023 تک دنیا بھر میں تقریباً 10 سے 12 کروڑ افراد کو کم از کم ایک خوراک لگائی جا چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک میں بھی اس ویکسین کی تیز تر رسائی ناگزیر ہے تاکہ سروائیکل کینسر جیسی مہلک بیماری کو عالمی سطح پر کم کیا جا سکے۔

1
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x