اسلام آباد۔۔ کابینہ ڈویژن نے سال 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران موصول ہونے والے توشہ خانہ تحائف کا ریکارڈ جاری کر دیا ۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف، ایئر چیف اور نیول چیف سمیت اعلیٰ حکام کو غیر ملکی شخصیات کی جانب سے قیمتی تحائف ملے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
تحائف وصول کرنے والوں میں چیئرمین نیب، وزیر تجارت، سیکریٹری تجارت، ملک احمد خان، وہاب ریاض اور محمد علی رندھاوا کے نام بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چیف جسٹس نے وزیراعظم شہباز شریف کو شیلڈ تحفے میں دی جبکہ چیئرمین ایف بی آر نے بھی وزیراعظم کو ایک شیلڈ پیش کی۔
تحائف میں ڈیکوریشن پیسز، گھڑیاں، الیکٹرک گاڑیاں، قالین، بیڈ شیٹ، جائے نماز، ٹی سیٹ اور ٹائیاں شامل ہیں۔ تمام تحائف وصول کنندگان نے یہ اشیاء توشہ خانہ میں جمع کروا دی ہیں۔