اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 25 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 14 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق 18 کیس دیہی اور 7 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارہ کہو سے 8، سوہان سے 4 جبکہ سیکٹر جی-5 سے 2 کیس سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح علی پور، جی-13، جی-6، آئی-8، آئی-9، کورال، روات، سہالہ، ترلائی، ترنول اور ایچ-13 سے ایک، ایک مریض رپورٹ ہوا۔
ڈینگی سرویلنس ٹیموں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران 486 مقامات کا معائنہ کیا گیا اور 15 مثبت ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے ان مقامات پر کارروائی کی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کے خلاف اب تک 40 ہزار سرگرمیاں انجام دی جا چکی ہیں۔ صرف گزشتہ روز 27 مریضوں کے گھروں اور 1129 اردگرد کے مکانات میں اسپرے کیا گیا جبکہ 176 مقامات پر فوگنگ بھی کی گئی۔