اسلام آباد۔۔۔وزارت صحت نے انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسی نیشن مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو خط لکھ کر ہدایت دی ہے کہ ویکسین مخالف پروپیگنڈہ کرنے والے اکاؤنٹس فوری طور پر بلاک کیے جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کینسر ویکسین کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے سے قومی آگاہی مہم کو نقصان پہنچ رہا ہے اور نوجوان بچیوں کی صحت خطرے میں پڑ رہی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق سوشل میڈیا پر ویکسی نیشن مہم کے بارے میں پروپیگنڈہ کرنے والوں کی شناخت ممکن ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسی نیشن مہم ملک کی تاریخ کی پہلی قومی مہم ہے جو ستائیس ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں ڈبلیو ایچ او اور یونیسف بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔