راولپنڈی۔۔ بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ویڈیو لنک کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کی ،بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش کیا گیا تاہم انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔
سماعت سے قبل عمران خان کو 3 مرتبہ ویڈیو لنک پر پیشی کے لیے پیغام بھیجا گیا، ساڑھے 10 بجے پہلی بار رابطے پر بتایا گیا کہ وہ 11بجے ویڈیو لنک پر پیش ہوں گے، 11 بجے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ وہ تیار ہو رہے ہیں، 11بجکر 25 منٹ پر رابطہ کرنے پر وہ ویڈیولنک پر پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وکیل صفائی فیصل ملک نے بانی پی ٹی آئی سے اکیلے میں بات کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے ان کی وکیل سے بات کرائی تاہم بانی پی ٹی آئی نے مقدمہ اور قانونی نکات کی بجائے سیاسی گفتگو شروع کردی۔
اس موقع پر وکلا صفائی نے ان کوبتایا کہ ویڈیو لنک نوٹیفکیشن کو ہائیکورٹ چیلنج کررہے ہیں، آپ کی اس نوٹیفکیشن پرکیا ہدایت ہے، اس پر بانی نے وکلا کو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کا کہہ دیا۔ اس کے بعد وکلا صفائی عدالت سے باہر چلے گئے تاہم عدالت نے سماعت جاری رکھتے ہوئے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنا شروع کردیے۔
عدالت نے سماعت کےدوران استغاثہ کے 2 گواہان کی شہادت قلمبند کی جس میں سب انسپکٹر سلیم قریشی اور سب انسپکٹر منظورشہزاد نے بیان ریکارڈ کرایا ۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ذاتی حیثیت میں پیش کرنےکی درخواست خارج کرتے ہوئے کہاکہ وہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق ویڈیو لنک پرہی پیش ہوں گے۔عدالت نے کیس کی سماعت 23ستمبرتک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ے10گواہان کو طلب کرلیا۔