نثاراحمد
اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹینس فیڈریشن اور موون پک ہوٹل اسلام آباد کے درمیان پاکستان میں بلی جین کنگ کپ کے انعقاد اور کھیلوں کے فروغ کے لئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے جبکہ کینسر آگاہی کی فنڈ ریزنگ کے لیے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار رافیل نڈال کی شرٹ اور قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹ نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی اور موون پک ہوٹل کے جنرل منیجر نکولس ورڈن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان میں بلی جین کنگ کپ کا انعقاد ملک کے لیے ایک اہم موقع ہے، جس میں آٹھ ٹیمیں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گی، جبکہ ایونٹ کے ڈراز 20 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹینس نے پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے۔اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے موزوں ملک ہے۔ بلی جین کنگ کپ کے موقع پر کینسر سے آگاہی اور فنڈ ریزنگ مہم بھی چلائی جائے گی، جس کا مقصد مستحق افراد کی مدد اور عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ فنڈ ریزنگ کے لیے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار رافیل نڈال کی شرٹ اور قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹ نیلامی کے لئیپیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان کے عظیم اسکواش کھلاڑی جہانگیر خان کا ریکٹ اور ہاکی لیجنڈ شہباز سینئر کی ہاکی اسٹک بھی فنڈ ریزنگ مہم کا حصہ ہوں گے۔ ان اقدامات کا مقصد کھیلوں کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے مزید کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی سیف گیمز سے قبل متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کریں گے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور تجربے میں اضافے کے مواقع میسر آسکیں۔ موون پک ہوٹل کے جنرل منیجر نکولس ورڈن نے پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹینس کا کھیل ترقی کر رہا ہے اور مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔