رحیم یار خان: حالیہ سیلاب سے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ ہیڈ پنجند سے چند کلومیٹر نیچے واقع اس علاقے میں کھڑی کماد، کپاس، مکئی اور چاول کی ہزاروں ایکڑ فصلیں دریا برد ہو گئیں۔ بستیوں اور قصبوں میں چار سے پانچ فٹ پانی جمع ہے، جبکہ گھروں، دکانوں، ڈیرہ جات اور مساجد کی شکست و ریخت ایک وسیع تباہی کی تصویر پیش کر رہی ہے۔ ضلع حکومت اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسانی ہمدردی (یو این اوچا) کے مطابق اب تک 75 ہزار 739 افراد سیلابی علاقوں سے دربدر ہوئے ہیں، جبکہ 66 ہزار 340 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق تحصیل لیاقت پور کے 35 مواضعات براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں بحالی اور خوراک کے ساتھ ساتھ زرعی بحالی کے لیے بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی فوری فراہمی اشد ضروری ہے تاکہ کسان اگلی فصل کے لیے زمین تیار کر سکیں۔