نثاراحمد
لاہور۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں شہری کی عزتِ نفس اور وقار کی جنگ صرف ایک ہی شخص لڑ رہا ہے اور وہ عمران خان ہیں۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکی سیاسی صورتحال، نوجوانوں کے کردار اور جدید ٹیکنالوجی کے اثرات پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں کے دوران دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہو چکی ہے اور ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ آئندہ 5 سالوں میں مصنوعی ذہانت دنیا پر کیا گہرے اثرات مرتب کرے گی۔فواد چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ ریاست کا ڈھانچہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، لیکن ہمارا موجودہ نظام پرانا ہو چکا ہے جو ملک کو آگے بڑھنے کے بجائے مسلسل پیچھے کی طرف کھینچ رہا ہے، اس لیے نوجوان نسل کو ریاستی ڈھانچے کی ان فرودہ رکاوٹوں پر قابو پا کر خود آگے بڑھنا ہوگا۔نوجوان نسل اور جنریشن زی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو سیاست اور قومی دھارے میں اہمیت دینے کا بنیادی تصور عمران خان نے ہی متعارف کرایا ہے، تحریکِ انصاف نے اس وقت سوشل میڈیا کا مثر استعمال شروع کیا تھا جب ملک کی دیگر روایتی سیاسی جماعتوں کو اس کی الف بے کا بھی ادراک نہیں تھا۔