فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون چنیوٹ بازار، اولڈ میئر ہاؤس پر جدید طرز کا 9 منزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا جو 4 لاکھ 93 ہزار مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہوگا۔
بریفنگ کے مطابق پلازہ کے بیسمنٹ اور لوئر گراؤنڈ فلور پر موٹر سائیکل پارکنگ، جبکہ لوئر گراؤنڈ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور پر کمرشل مارکیٹ قائم کی جائے گی۔ باقی پانچ فلورز پر کار پارکنگ اور روف ٹاپ پر فوڈ کورٹ بنایا جائے گا۔ منصوبے کے تحت پلازہ میں 215 دکانیں تعمیر ہوں گی۔ یہ منصوبہ ضلعی کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے مکمل ہوگا اور شہر کے آٹھ بڑے بازاروں میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ فیصل آباد ایک صنعتی و تجارتی شہر ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد خریداری کے لیے آتے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کی تعمیر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائے گی۔
اجلاس میں اولڈ لیڈی پارک میں فوڈ اسٹریٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد کے مطابق اس اقدام سے شہریوں کو معیاری کھانے، روایتی پکوانوں کے فروغ اور مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ ان منصوبوں کے ذریعے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔