عبدالجبار
اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان ریلوے نے گزشتہ چار سال کے دوران کراچی ڈویژن میں قبضہ مافیا سے 363.907 ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے جس میں 305.803 ایکڑ زرعی، 29.844 ایکڑ رہائشی اور 28.319 ایکڑ تجارتی زمین شامل ہے۔ محکمہ اپنی املاک کا قبضہ واپس لینے کے لیے کارروائیاں تیز کر رہا ہے۔مالی سال 2022-23 سے 2025-26 تک کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ اراضی 2024-25 میں واگزار کرائی گئی جب مجموعی طور پر 293.6 ایکڑ زمین واپس حاصل کی گئی۔ اس میں 285.31 ایکڑ زرعی، 7.458 ایکڑ تجارتی اور 0.832 ایکڑ رہائشی اراضی شامل تھی۔ محکمہ نے 2023-24 میں 38.93 ایکڑ، 2025-26 میں 23.148 ایکڑ اور 2022-23 میں 8.229 ایکڑ زمین واگزار کرائی۔وزارتِ ریلوے کی دستاویزات کے مطابق چار سال کے دوران واگزار کرائی گئی اراضی میں زرعی زمین کا حصہ سب سے زیادہ رہا، جس کا رقبہ 305.803 ایکڑ تھا۔ اس کے علاوہ 29.844 ایکڑ رہائشی اور 28.319 ایکڑ تجارتی زمین واگزار کرائی گئی۔محکمے نے جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران کراچی ڈویژن میں ریلوے کی 8.992 ایکڑ اراضی سے بھی تجاوزات ختم کرائیں۔ واگزار کرائی گئی زمین میں 6.49 ایکڑ زرعی، 1.986 ایکڑ تجارتی اور 0.516 ایکڑ رہائشی اراضی شامل تھی، جس کی ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مقرر کردہ قیمت کے مطابق مجموعی مالیت تقریبا 305.68 ملین روپے بنتی ہے۔ستمبر میں مالیت کے لحاظ سے سب سے زیادہ اراضی واگزار کرائی گئی۔ اس ماہ 1.52 ایکڑ تجارتی اور 1.99 ایکڑ زرعی زمین واپس حاصل کی گئی، جس کی مالیت تقریبا 217.59 ملین روپے تھی۔اکتوبر میں محکمہ نے 0.366 ایکڑ تجارتی، 0.176 ایکڑ رہائشی اور 4.5 ایکڑ زرعی زمین واگزار کرائی، جس کی مالیت تقریبا 84.96 ملین روپے تھی۔ جولائی میں 0.1 ایکڑ تجارتی اور 0.2 ایکڑ رہائشی زمین واپس حاصل کی گئی، جبکہ اگست میں 0.14 ایکڑ رہائشی اراضی واگزار کرائی گئی۔ان کارروائیوں کے باوجود کراچی ڈویژن میں پاکستان ریلوے کی مجموعی طور پر 951.28 ایکڑ اراضی پر نجی افراد نے قبضہ کر رکھا ہے۔ اس میں سب سے زیادہ 795 ایکڑ رہائشی مقاصد کے لیے زیرِ قبضہ ہے، جبکہ 123.28 ایکڑ پر تجارتی تجاوزات قائم ہیں۔ مساجد اور قبرستانوں سمیت دیگر مقاصد کے لیے 33.5 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔ دستاویز میں اس زمرے کے تحت کسی زرعی زمین کا ذکر نہیں کیا گیا۔ریلوے کے مختلف سیکشنز کے لحاظ سے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ کیماڑی۔کوٹری سیکشن میں سب سے زیادہ 409.28 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔ اس کے بعد کوٹری۔ٹنڈو آدم سیکشن میں 246 ایکڑ اور حیدرآباد۔بدین سیکشن میں 108.9 ایکڑ زمین زیرِ قبضہ ہے۔دیگر سیکشنز میں کوٹری۔دادو کے ساتھ 57 ایکڑ، کراچی سرکلر ریلوے پر 53 ایکڑ، میرپور خاص۔کھوکھر پار پر 30 ایکڑ، میرپور خاص۔نواب شاہ پر 18 ایکڑ، پتھورو۔جھڈو۔جمڑا پر 17 ایکڑ اور حیدرآباد۔میرپور خاص سیکشن میں 12 ایکڑ اراضی پر تجاوزات قائم ہیں۔ریلوے کی املاک واگزار کرانے کی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے محکمہ نے نومبر 2026 کے دوران کراچی ڈویژن میں انسدادِ تجاوزات آپریشنز کا شیڈول بھی تیار کیا ہے۔اس پروگرام کے تحت غیر مجاز افراد کے قبضے میں موجود ریلوے کے رہائشی کوارٹرز خالی کرانے، اسٹیشن یارڈز اور ریلوے کی حدود میں قائم تجارتی تجاوزات ختم کرنے اور دیگر غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔