عبدالجبار
اسلام آباد ۔۔۔۔۔پاکستان میں قومی کھیل کے احیا اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان ہاکی لیگ(پی ایچ ایل)کا باضابطہ افتتاح 14 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں ہونے جا رہا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور جدید بنانے کی کوششوں کا یہ ایک تازہ ترین اقدام ہے۔پی ایچ ایف نے رواں سال کے شروع میں ایک مسابقتی بولی کے عمل کے بعد اس کے حقوق میڈیا کاسٹ کے سپرد کیے تھے۔اب پی ایچ ایف اور میڈیا کاسٹ 2027 میں پی ایچ ایل کے پہلے سیزن کے آغاز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔یہ لیگ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور انڈین ہاکی لیگ کی طرز پر تشکیل دی جا رہی ہے اور قوی امکان ہے کہ اس کے پہلے سیزن میں 6 سے 8 فرنچائز ٹیمیں شامل ہوں گی۔لیگ میں دنیا کے نامور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے سائن کیا جائے گا جس سے ہمارے کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔یہ لیگ فرنچائز مالکان اور کارپوریٹ اسپانسرز کی شکل میں نجی شعبے کے شراکت داروں کو بھی متوجہ کرے گی جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ہاکی کے فروغ کے لیے درکار تجارتی معاونت اور مارکیٹنگ حاصل ہو گی۔