لاہور: سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور عوامی ریلیف کی فراہمی کے جاری مشن کے حوالے سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب سہولت بازار اتھارٹی نے اتھارٹی کی ورکنگ اور جاری منصوبوں پر تفصیلی آگاہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 25 اضلاع میں 36 سہولت بازار عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 11 اضلاع میں نئے “اسٹیٹ آف دی آرٹ” سہولت بازار تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ڈاکٹر کرن خورشید نے ہدایت کی کہ زیر تعمیر “سہولت آن دی گو” بازاروں کو اکتوبر تک مکمل کیا جائے۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول نے سہولت بازاروں کے گرد فری ہوم ڈلیوری سروس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے، سخت مانیٹرنگ یقینی بنانے اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے سرپرائز وزٹ کا بھی اعلان کیا۔
مزید برآں، انہوں نے 105 تحصیلوں میں سہولت بازاروں کے حوالے سے فوری رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔