اسلام آباد ۔۔۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل(ر)حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کے سنگل بینچ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کر دیا ہے۔
جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ر)حفیظ الرحمان کے وکیل قاسم ودود، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
وکیل پی ٹی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے قانون سازی کے ذریعے تشکیل دی گئی ممبر ایڈمنسٹریشن کی پوسٹ کو کالعدم قراردیا ہے، جس کے باعث پورا اسٹرکچر متاثر ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رولز کو کالعدم قرار دینے سے ادارے کے کام پر براہِ راست اثر پڑا ہے۔
وکیل پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ سیکشن 27 اے کے تحت اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا، جب کہ اعتراضات کی متفرق درخواستوں پر بھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ڈویژن بینچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو اپنے عہدے پر بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔