اسلام آباد: وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے تحت کام کر نے والی نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی نے باضابطہ طور پر وزیراعظم کا آن بل انرجی ایفیشنٹ فین ریپلیسمنٹ پروگرام شروع کر دیا ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں گھریلو اور چھوٹے تجارتی صارفین کو بغیر پیشگی ادائیگی کے توانائی بچانے والے پنکھوں پر منتقل کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت صارفین اپنے پرانے اور زیادہ بجلی خرچ کرنے والے پنکھوں کو NEECA سے تصدیق شدہ 5-اسٹار انرجی ایفیشنٹ ماڈلز سے تبدیل کر سکتے ہیں اور ان کی قیمت بجلی کے بلوں کے ذریعے چھوٹی ماہانہ قسطوں میں ادا کر سکتے ہیں، جسے آن بل فنانسنگ ماڈل کہا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے لیے درخواست دینے کے اہل افراد وہ رہائشی یا چھوٹے تجارتی صارفین ہیں جن کے پاس درست شناختی کارڈ ، فعال بجلی کا کنکشن اور بروقت بل ادائیگی کا ریکارڈ ہونیز وہ اپنی کنزیومر نمبر اور شناختی تفصیلات کے ساتھ آن لائن https://efan.gov.pk/ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ انسٹالیشن کے اخراجات پنکھا لگانے کے وقت براہِ راست مینوفیکچرر کو ادا کیے جائیں گے ۔ پہلے پنکھے کے لیے 1,000 روپے اور اسی جگہ ہر اضافی پنکھے کے لیے 800 روپے جبکہ ہر پرانے پنکھے کی مقررہ اسکریپ ویلیو 1,500 روپے ہوگی جو نئے پنکھے کی فنانسنگ میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔ یہ پروگرام اگلے دس برسوں میں لاکھوں غیر موثر پنکھوں کو تبدیل کرنے، بجلی کی چوٹی کی طلب میں 5,000 میگاواٹ تک کمی، گھریلو بجلی کے اخراجات کم کرنے اور پاکستان کے صاف توانائی و ماحولیاتی اہداف کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔