حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کا میچ ریفری کے سامنے مؤقف واضح
بھارت کے خلاف حالیہ میچ کے دوران 6-0 اشارہ اور جشن منانے کے انداز پر اعتراض کے بعد قومی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے میچ ریفری کے سامنے اپنا مؤقف پیش کیا اور مؤثر جواب دے کر ریفری کو لاجواب کردیا۔
حارث رؤف کا مؤقف
ذرائع کے مطابق سماعت کے دوران میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سوال اٹھایا کہ حارث رؤف کے 6-0 اشارے پر بھارتی بورڈ کو اعتراض ہے۔ اس پر حارث نے مؤقف اپنایا کہ بھارتی بورڈ واضح کرے اس اشارے کا کیا مطلب ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اشارہ صرف مداحوں کے لیے تھا اور اس کا کوئی منفی مقصد نہیں تھا۔
صاحبزادہ فرحان کا جواب
اسی سماعت میں صاحبزادہ فرحان نے بھی اپنے جشن کے انداز (gun celebration) پر وضاحت دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم پٹھان ہیں، خوشی کے موقع پر گن سیلیبریشن ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔‘‘
ریفری نے اعتراض اٹھایا کہ یہ کرکٹ میچ تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ اشارہ مخالف ٹیم کو دکھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس پر صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ماضی میں بھارتی کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی بھی ایسے انداز اپنا چکے ہیں، اس لیے اس پر اعتراض بلاجواز ہے۔
فیصلہ آج متوقع
میچ ریفری نے مؤقف سننے کے بعد کہا کہ معاملے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی آج کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی یا کلین چٹ کے بارے میں فیصلہ سنائے گی۔