اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مغربی ہوا کا سلسلہ 3 اکتوبر کی رات ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہوگا جو بتدریج وسطی و بالائی علاقوں کو بھی متاثر کرے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بلوچستان کے شمال مشرقی حصوں میں بارش اور آندھی کے امکانات ہیں۔ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط کریں جبکہ کسان فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ علاوہ ازیں، تیز بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔