نئی دہلی (ویب ڈیسک):
بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور مشہور کلاسیکل رقاصہ مدھومتی 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مدھومتی بدھ کے روز طویل علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔
وہ بھارتی سنیما کی اُن چند فنکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں جنہوں نے 1950 اور 60 کی دہائی میں فلم انڈسٹری پر گہرا اثر چھوڑا۔
مدھومتی نے اپنے فنی کیریئر کے دوران متعدد کامیاب فلموں میں یادگار کردار ادا کیے، جن میں
”آنکھیں“، ”ٹاور ہاؤس“، ”شکاری“ اور ”مجھے جینے دو“ خاص طور پر نمایاں ہیں۔
انہوں نے نہ صرف اپنی دلکش اداکاری بلکہ رقص کے منفرد انداز سے بھی مداحوں کے دل جیتے۔
مدھومتی نے فلمی دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا اور بھارتی کلاسیکل ڈانس کو فلمی انداز میں متعارف کروانے والی اولین فنکاراؤں میں شمار کی جاتی تھیں۔
سینیئر اداکارہ کے انتقال کی خبر سنتے ہی شوبز انڈسٹری سوگوار ہو گئی۔ متعدد فلمی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بالی وُڈ اداکار اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں مدھومتی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
“مدھومتی جی میری پہلی اور ہمیشہ کی استاد تھیں، جنہوں نے مجھے اسکرین پر اظہار کا اصل مطلب سکھایا۔ ان کی رہنمائی ہمیشہ یاد رہے گی۔”
مدھومتی کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسومات جمعرات کے روز ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔