(ویب ڈیسک)
اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایچ بی او میکس (HBO Max) نے پاکستان میں اپنی سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اب پاکستانی صارفین ماہانہ 4.99 امریکی ڈالر (تقریباً 1,400 روپے) کے عوض یہ سروس حاصل کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدام وارنر برادرز ڈسکوری کی جانب سے کیا گیا ہے، اور ایچ بی او میکس نے بیک وقت 15 نئے ممالک میں اپنی سروس متعارف کرائی ہے، جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، مکاؤ، سری لنکا اور یوکرین شامل ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں پاکستانی صارفین کو ایچ بی او میکس پر دنیا کی مقبول ترین سیریز اور فلمیں دستیاب ہوں گی، جن میں گیم آف تھرونز، ہاؤس آف دی ڈریگن، دی لاسٹ آف آس اور دی پِٹ شامل ہیں۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ 2026 کے آغاز میں پلیٹ فارم پر مزید معروف کامیڈی شوز جیسے فرینڈز (Friends) اور دی بگ بینگ تھیوری (The Big Bang Theory) بھی شامل کر دیے جائیں گے۔
ایچ بی او میکس صارفین کو پانچ علیحدہ پروفائلز بنانے، آف لائن دیکھنے کے آپشن، اور والدین کے لیے کنٹرول سیٹنگز (Parental Controls) جیسی سہولیات بھی فراہم کرے گا۔
صارفین یہ سروس اسمارٹ ٹی وی، موبائل فون اور ٹیبلیٹس پر استعمال کر سکیں گے، جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ آئندہ مہینوں میں اردو سب ٹائٹلز اور مقامی کنٹینٹ کی شمولیت پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔