بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا:اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ ۔۔۔اقوامِ متحدہ کے خصوصی ماہرین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور پہلگام حملے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سزا دینے پر زور دیا گیا ہے،رپورٹ کے مطابق بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق سات مئی کو بھارت نے پاکستان کی حدود میں طاقت کا استعمال کیا، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے سیکیورٹی کونسل کو اس کارروائی سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی حملوں کے دوران آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، مساجد متاثر ہوئیں اور شہری جاں بحق و زخمی ہوئے۔
اقوامِ متحدہ کے ماہرین کے مطابق بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کے نام پر یکطرفہ فوجی طاقت کے استعمال کا کوئی الگ تسلیم شدہ حق موجود نہیں، اور اگر طاقت کا استعمال غیر قانونی ہو تو یہ حقِ زندگی کی خلاف ورزی بن سکتا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بھارت کا یہ طرزِ عمل بڑے تصادم کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر بھارتی اقدام کو حملہ تصور کیا جائے تو پاکستان کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے، جبکہ بھارتی اقدامات پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت ثالثی کے عمل میں شرکت سے گریز اور معاہدے کے دائرۂ اختیار کو چیلنج کر رہا ہے۔ رپورٹ میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے پر نیک نیتی سے عمل کرے، پاکستان کے حقوق کی خلاف ورزی سے باز رہے اور پانی میں رکاوٹ کے باعث پیدا ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی سے گریز کرے۔
یواین کے خصوصی ماہرین نے بھارتی حکومت کو باضابطہ طور پر سوالنامہ ارسال کیا جس میں الزامات کے ثبوت، انسانی نقصانات کے ازالے، بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری، سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کے لیے اقدامات سے متعلق سوالات شامل ہیں۔ ماہرین نے بھارت کو 60 دن کے اندر جواب دینے کی مہلت دی تھی۔رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، جس کے بعد اقوامِ متحدہ کے خصوصی ماہرین نے یہ رپورٹ جاری کر دی۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x