اسلام آباد۔۔ حکومت نے متحدہ عرب امارات سے حاصل کردہ 3 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خط کے ذریعے یو اے ای حکومت سے قرض کی مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق 2 ارب ڈالر کی رقم رواں ماہ جبکہ 1 ارب ڈالر کی رقم جولائی میں میچور ہونی ہے۔ حکومت کی جانب سے تینوں اقساط کو میچورٹی سے قبل رول اوور کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کی تمام اقساط آئی ایم ایف پروگرام کے دورانیے تک رول اوور کر دی جائیں گی، جس کی یقین دہانی آئی ایم ایف کو بھی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 2021 میں 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ڈپازٹ کرائے تھے۔ ان میں سے 1 ارب ڈالر کا قرض جنوری کے دوسرے ہفتے جبکہ ایک ارب ڈالر کی ایک اور قسط جنوری کے تیسرے ہفتے میں میچور ہو جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران حکومت متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین سے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرضے رول اوور کروائے گی۔