عبدالجبار
اسلام آباد۔۔۔۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج سے پندرہ اگست کے دوران ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں کے لیے پیشگی الرٹ جاری کر دیا ،جس کے مطابق بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں، برساتی ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع کے لیے فلیش فلڈ الرٹ جاری کیا گیا
این ڈی ایم اے نے چترال، سوات، شانگلہ، اپر اور لوئر دیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، گلگت بلتستان کے خرمنگ، گھانچے، گلگت، نگر، دیامر، ہنزہ اور استور میں بھی فلیش فلڈ کا خطرہ ہے، جبکہ 14 اور 15 اگست کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہنزہ، نگر، گلگت، اسکردو روڈ اور شگر کے علاقوں میں آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،جبکہ بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ، گڈو اور سکھر کے مقامات پر کم درجے کے سیلابی بہاؤ کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دریائے راوی کے مقام بلوکی اور دریائے چناب کے مقامات مرالہ اور خانکی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، قصور اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے،این ڈی ایم اے نے عوام کو سیلابی نالوں، زیر آب سڑکوں اور پلوں کو عبور نہ کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سفر سے پہلے موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سیاحوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔