یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش وجذبے سے منایا گیا

عبدالجبار

کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ملک بھر میں یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش وجذبے سے منایا گیا ۔اس دن کی مناسبت سے خصوصی دعائیہ و دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہداکو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ملکی سلامتی و خودمختاری کیلئے دعائیں کی گئیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے فضائی اڈوں پر 1965 کی جنگ کی یادگاریں آویزاں کی گئیں۔یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ کے اس تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت، مہارت اور جانبازی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ اور اس دن پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 6 اور 7 ستمبر کو پاک بھارت جنگ میں بھارتی فضائیہ کے 5 سے زائد طیارے مار گرائے تھے۔ لڑائی کا رخ موڑ چکا تھا۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے اپنی جنگی مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔۔اس موقع پر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا گیا، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخِ پاکستان میں امر مقام حاصل کیا۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ راشد منہاس شہید کا عزمِ شہادت آج بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کیلئے مشعلِ راہ ہے، شہید کی قربانی، عزم و وفا کی وہ روشن داستان ہے جو نسلوں کو دفاعِ وطن کا درس دیتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہین، راشد منہاس شہید کے جذب شہادت اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x