افغانستان سے جڑی دہشت گردی کی لہر اب عالمی سلامتی کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ کینیڈا میں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ایک اور افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
افغان جریدے ہشت صبح اور کینیڈین میڈیا کے مطابق، ٹورنٹو پولیس نے 26 سالہ افغان شہری ولید خان کو حراست میں لیا ہے۔ ملزم پر دہشت گرد تنظیم داعش کے ساتھ مبینہ تعلقات، تنظیم کو مالی وسائل فراہم کرنے اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پروپیگنڈا پھیلانے کے الزامات ہیں۔
کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ ولید خان نہ صرف داعش کی سہولت کاری کر رہا تھا بلکہ وہ قتل کے خطرناک منصوبے بنانے میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔ گرفتاری کے وقت ملزم کے ٹھکانے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بڑے حملے کی تیاری میں تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی برادری افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے بیرونی ممالک میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر مسلسل تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔