راولپنڈی ۔۔انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں علیمہ خانم کی عدالت میں غیر حاضری پر ان کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کر دیے گئے۔
علیمہ خانم نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود عدالت میں حاضر نہ ہوئیں۔ عدالت نے ان کی غیر موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق علیمہ خانم کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ڈیجیٹلی بلاک کر دیے گئے ہیں۔ تاہم ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی رپورٹ تاحال عدالت میں پیش نہیں کی گئی، جس پر عدالت نے اسٹیٹ بینک حکام کو دوبارہ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی۔
عدالت نے اس کیس میں گاڑیاں سپرداری پر حاصل کرنے والے ضامنوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا۔عدالتی حکم کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کی گئی کہ چاروں ضامنوں کی منقولہ جائیدادیں تلاش کرکے ضبط کی جائیں۔
ایک ضامن عارف خان عدالت میں پیش ہوا اور مؤقف اختیار کیا کہ اس کے پاس نہ رقم ہے نہ جائیداد۔ عدالت نے بیان مسترد کرتے ہوئے ضامن عارف خان کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 3 نومبر تک ملتوی کر دی۔