سال 2025 میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی نمایاں کارکردگی، 22 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول

اسلام آباد۔۔۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، ٹیکس وصولی اور قانونی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
سال 2025 کے اختتام پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں ٹیکس وصولی، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کے حوالے سے نمایاں اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران وفاقی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 37 ہزار 259 گاڑیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ اسی عرصے میں ٹوکن ٹیکس کی مد میں 22 ارب 10 کروڑ 4 لاکھ 17 ہزار 895 روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے گئے، جو محکمہ کی مؤثر حکمت عملی اور ڈیجیٹل نظام کی عکاسی کرتا ہے۔
سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائیاں بھی جاری رہیں۔ کالے شیشوں کے استعمال پر 4 ہزار 648 گاڑیوں پر مجموعی طور پر 5 کروڑ 34 لاکھ 55 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 2 ہزار 63 گاڑیوں کو 2 کروڑ 44 لاکھ 4 ہزار 100 روپے جرمانہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ غیر قانونی لائٹس کے استعمال پر 53 گاڑیوں کو 83 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ کارروائیاں بلا تفریق کی گئیں تاکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی جی ایکسائز اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، جبکہ محکمہ ایکسائز کے باہر سرگرم ایجنٹس مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن بھی جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ ایکسائز شہریوں کو بروقت اور مستند انداز میں تمام سہولیات فراہم کر رہا ہے، اور گاڑیوں کی رجسٹریشن سے لے کر ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی تک تمام سہولیات آن لائن بھی دستیاب ہیں، جس سے شہریوں کو آسانی اور شفافیت میسر آ رہی ہے۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x