وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز (سی اے ایف) کے اہلکاروں کے لیے شہداء معاوضہ پیکج کے نئے رولز باقاعدہ طور پر جاری کر دیے ہیں۔ ان قواعد کا اطلاق دورانِ ڈیوٹی جامِ شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں، دائمی معذور ہونے والے، اور معمولی یا شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں پر ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے مطابق، متعلقہ سول آرمڈ فورسز کسی بھی واقعے کی تفصیلی اسٹیٹمنٹ تیار کرنے کی پابند ہوگی، جس کے ساتھ میڈیکل آفیسر کا سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ شفافیت اور تیز رفتار عمل درآمد کے لیے ہر فورس کے ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کی سربراہی متعلقہ فورس کا سربراہ کرے گا۔ ہر کیس تمام ضروری دستاویزات اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی اس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ ہی سول آرمڈ فورسز کے شہداء پیکج میں 233 فیصد تک کے بھاری اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کا مقصد وطن کی خاطر قربانیاں دینے والے اہلکاروں کے خاندانوں کی مالی معاونت کو بہتر بنانا ہے۔ ان نئے رولز کے اجرا سے معاوضوں کی ادائیگی کا عمل مزید منظم اور سہل ہو جائے گا۔