راولپنڈی۔۔۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سعودی عرب کا سرکاری دورہ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکو اعلیٰ ترین سعودی اعزاز سے نوازاگیا۔
آئی ایس پی آرچیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیرِدفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور جغرافیائی و سیاسی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا،یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شاندار عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔
سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز پر خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کا مظہر ہے۔