اسلام آباد۔۔۔چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری اور مستقلی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
جوڈیشل کمیشن کے پہلے اجلاس میں آئینی عدالت اور ہائی کورٹس میں ججز کی تعیناتی کے فریم ورک پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں امیدواروں کے انٹرویوز اور آئینی عدالت میں مزید ججز کی تقرری کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دوسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس کی مستقلی کی منظوری دی گئی۔
تیسرے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے دو ایڈیشنل ججز کی مستقلی زیرِ غور آئی۔ اجلاس میں جسٹس نجم الدین مینگل کو مستقل جج بنانے کی منظوری دی گئی، جبکہ جسٹس ایوب خان کی مستقلی کی سفارش اکثریتی رائے سے مسترد کر دی گئی۔
بعد ازاں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تینوں ایڈیشنل ججز کی مستقل تقرری کی سفارش اور توثیق کی تصدیق کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نجم الدین مینگل کی بطور مستقل جج توثیق کی گئی، جبکہ جسٹس ایوب خان کی توثیق منظور نہیں کی گئی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ آئینی بینچز کے لیے ججز کی نامزدگی کے معیار پر غور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی ججز کی تقرری، انٹرویوز کے طریقہ کار اور متعلقہ رولز میں ترامیم سے متعلق سفارشات تیار کرے گی۔