کراچی، 21 اکتوبر 2025: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کسی ایک تنظیم کو نشانہ نہیں بنا رہی بلکہ ان تمام عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جو اسلحہ رکھتے ہیں یا قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر دن رات محنت کر رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب متحد رہیں اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر غلط ہے کہ کارروائیاں صرف ایک تنظیم کے خلاف ہو رہی ہیں۔ تمام علما قابلِ احترام ہیں، لیکن جو اسلحہ کے ساتھ آئے گا یا غیر قانونی چندہ جمع کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیر داخلہ کراچی میں امن و امان کی بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں اور انہوں نے مفتی منیب الرحمن سے ملاقات بھی کی ہے۔ انہوں نے مذاقاً کہا کہ محسن نقوی کے ہاتھ کا حلیم بہت مشہور ہے اور وہ سب کے “محسن” ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ محسن نقوی نہ صرف وزیر داخلہ ہیں بلکہ چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں، اور ان کی کارکردگی ہر میدان میں نمایاں ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی رفتار تیز سمجھی جاتی تھی، مگر اب محسن نقوی ان سے بھی آگے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ حکومت ایم کیو ایم کو اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور وفاقی وزیر داخلہ مسائل سننے اور حل کرنے میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے یقین دلایا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹیں جلد ختم کر دی جائیں گی اور امن و امان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران ملکی سلامتی، امن و امان اور دیگر اہم امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ آخر میں وزیر داخلہ نے گورنر ہاؤس میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔