کراچی (صحت ڈیسک) — دہی کو ہمیشہ سے غذائیت سے بھرپور اور ہاضمے کے لیے بہترین غذا سمجھا جاتا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ نہار منہ دہی کھانا واقعی فائدہ مند ہے یا نقصان دہ؟ ماہرینِ غذائیت کے مطابق اس کا انحصار آپ کے جسم کے مزاج، موسم اور معدے کی حالت پر ہے۔
نہار منہ دہی کھانے کے فوائد
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی میں موجود پروبائیوٹکس نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں اور خالی پیٹ دہی کھانے سے آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی تعداد بڑھتی ہے۔
- دہی معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے۔
- جسم میں کیلشیم اور پروٹین کی کمی کو پورا کرتا ہے۔
- خالی پیٹ دہی کھانے سے جلد صاف اور شفاف رہتی ہے۔
- صبح دہی کھانا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا۔
کن لوگوں کو خالی پیٹ دہی نہیں کھانی چاہیے
ماہرین کے مطابق وہ افراد جنہیں نزلہ، زکام یا سینے میں جلن رہتی ہے، انہیں خالی پیٹ دہی سے پرہیز کرنا چاہیے۔
ایسے لوگ دہی کے ساتھ شہد یا چٹکی بھر دار چینی شامل کر لیں تو اس کے منفی اثرات کم ہو سکتے ہیں۔
سرد موسم میں خالی پیٹ ٹھنڈی دہی کھانا گلے میں خراش یا بلغم پیدا کر سکتا ہے۔
دہی کھانے کا بہترین وقت
ماہرین غذائیت کے مطابق دہی کھانے کا بہترین وقت ناشتے کے بعد یا دوپہر کے کھانے کے ساتھ ہے۔ اس وقت دہی جسم میں غذائیت کو بہتر طریقے سے جذب کرتی ہے۔