اسلام آباد۔۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں 5 سے 7 اکتوبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ بڑے دریاؤں بشمول جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، ڈیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور وزیرستان سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان بارشوں کے باعث دریائے سوات، پنجکوڑا اور درکابل کے بہاؤ میں اضافہ بھی متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں جس کے باعث تورغر، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تتہ پانی، گلگت، ہنزہ اور اسکردو جگلوٹ روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم و سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے رہنمائی حاصل کریں۔