صحت مند طرزِ زندگی کے خواہشمند افراد کے لیے کم تیل میں کھانا پکانا ایک اہم ترجیح بن چکا ہے، اور باورچی خانے میں استعمال ہونے والے جدید برقی آلات نے یہ عمل کافی آسان بنا دیا ہے۔ خاص طور پر اوون اور ایئر فرائیر روایتی تَلائی (فرائنگ) کے مقابلے میں کم چکنائی کے ساتھ خستہ کھانے تیار کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ دونوں آلات تیز، صاف اور کم تیل میں کوکنگ کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، تاہم کارکردگی اور سہولت کے اعتبار سے ان میں نمایاں فرق موجود ہے۔
اوون کے فوائد
اوون ایک وقت میں زیادہ مقدار میں کھانا پکانے کے لیے مثالی ہے، جو بڑی ٹرے آسانی سے سنبھال لیتا ہے اور بڑے خاندان یا دعوتوں کے لیے موزوں ہے۔ اوون بیکنگ، روسٹنگ، گرلنگ اور آہستہ پکانے (سلو کوکنگ) جیسے مختلف طریقوں کے لیے استعمال ہوتا ہے، جن میں عام طور پر کم یا بالکل تیل درکار نہیں ہوتا۔ اوون میں کھانا گرم ہوا کے ذریعے پکتا ہے جس کے نتیجے میں کھانا بغیر زیادہ تیل کے اچھی طرح سے پک بھی جاتا ہے اور جلنے کا خدشہ بھی کم ہوتا ہے۔
ایئر فرائیر کے فوائد
ایئر فرائیر تیز گرم ہوا کے ذریعے کم سے کم تیل کے ساتھ ڈیپ فرائی جیسے نتائج دیتے ہیں؛ یہ صرف ایک چمچ یا بغیر تیل کے کھانے کو خستہ بنا دیتے ہیں۔ کم کیلوریز کے خواہش مند افراد کے لیے یہ ایک انتہائی کارآمد ذریعہ ہے۔ ایئر فرائیر کم وقت میں گرم ہوتے ہیں اور ان کے پکانے کا عمل بھی تیز ہوتا ہے، جس سے چند منٹ میں صحت مند اور کم تیل والے ہلکے کھانے (اسنیکس) تیار کیے جا سکتے ہیں۔ چونکہ یہ جلد گرم ہو جاتے ہیں اور کھانا بھی کم وقت میں تیار ہوتا ہے، اس لیے یہ اوون کے مقابلے میں کم بجلی خرچ کرتے ہیں اور کم مقدار میں بننے والے کھانوں کے لیے ایک مؤثر انتخاب ہے۔ زیادہ تر ایئر فرائیرز کی ٹوکری نان اِسْٹِک ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی صفائی کرنا بھی آسان ہوتا ہے۔
اوون یا ایئر فرائیر، کیا زیادہ بہتر ہے؟
کم تیل میں کھانا پکانے کے لیے دونوں آلات مؤثر ہیں لیکن انتخاب آپ کی ذاتی ضروریات کے مطابق بدل جاتا ہے۔ ایئر فرائیر تیز، خستہ (کرسپی) اور کم مقدار پر مبنی غذاؤں کے لیے بہترین ہیں جبکہ اوون زیادہ مقدار، مختلف کھانوں اور ہمہ گیر (ورسْٹائل) کوکنگ کے لیے زیادہ موزوں ثابت ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو کھانا پکانے کی رفتار اور خستہ پن چاہیے تو ایئر فرائیر بہتر ہے اور اگر بڑے خاندان کے لیے مختلف ڈشز بنانا چاہتے ہیں تو اوون ایک بہتر انتخاب ہے۔ دونوں کا استعمال صحت مند طرزِ زندگی کے لیے بہتر اور فائدہ مند ہے۔