پاکستان، بھارت کی پروپیگنڈا فلم دھریندر (Dhurandhar) کے جواب میں ’میرا لیاری‘ کے نام سے فلم بنا کر کراچی کے علاقے لیاری کی اصل اور مثبت تصویر دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔
بھارتی فلم دھریندر میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، ارجن رامپال، آر مادھون اور سنجے دت نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ اس فلم میں لیاری کو ایک خیالی اور منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جہاں ایک بھارتی جاسوس کو کراچی کے گینگز کا خاتمہ کرتے دکھایا گیا ہے۔ فلم میں لیاری کو بھارت کے اندرونی مسائل سے جوڑنے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔
’میرا لیاری‘ ایک حقیقت پسندانہ جواب:
اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ’میرا لیاری‘ کے نام سے فلم پیش کی جا رہی ہے، جسے دھریندر کا ثقافتی اور حقیقت پسندانہ جواب قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فلم کے ذریعے لیاری کے اسپورٹس کلچر، تہذیب اور مثبت پہلوؤں کو اُجاگر کیا جائے گا۔
- اہم کاسٹ: اداکارہ دنانیر مبین اس فلم کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھ رہی ہیں، جبکہ سینئر اداکارہ سمیعہ ممتاز بھی فلم میں ایک اہم کردار ادا کریں گی۔
- ریلیز: یہ فلم پہلے ’بہناز‘ کے نام سے بنائی جا رہی تھی، تاہم اب اس کا نام تبدیل کر کے ’میرا لیاری‘ رکھ دیا گیا ہے جو اگلے مہینے ریلیز کر دی جائے گی۔
سندھ حکومت کا مؤقف:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ دھریندر لیاری کے خلاف ایک پروپیگنڈا فلم ہے، جبکہ میرا لیاری کے ذریعے علاقے کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے گا، جو امن، ترقی اور فخر کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاری تشدد نہیں بلکہ ثقافت، کھیل اور زندہ دلی کا نام ہے۔
فلم کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مثبت ردِعمل سامنے آ رہے ہیں، اور صارفین اسے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب قرار دے رہے ہیں۔