محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 29 ستمبر (رات) سے 3 اکتوبر کے دوران ملک کے جنوبی اور شمال مشرقی حصوں میں مون سون کے آخری اسپیل کے ساتھ بارشوں اور آندھی طوفان کا امکان ہے۔ تازہ موسمیاتی تجزیے کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے شمال مشرقی اور جنوبی حصوں میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 ستمبر (رات) سے 2 اکتوبر کے دوران کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، میرپور خاص، نوابشاہ، شہید بینظیر آباد اور دادو میں بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے مشرقی اضلاع، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران کمزور ڈھانچوں کے قریب کھڑے ہونے اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ کسانوں کو بھی کھڑی فصلوں کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی تاکید کی گئی ہے۔