لاہور۔ 14 اکتوبر 2025: لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی دوسری اننگز 167 رنز پر ختم ہوگئی، جس کے نتیجے میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا۔
جواب میں جنوبی افریقی ٹیم نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا لیے ہیں، اسے کامیابی کے لیے مزید 226 رنز درکار ہیں۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کا آغاز مایوس کن رہا۔ کپتان ایڈن مارکرم صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ویان مولڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دن کے اختتام پر ٹونی ڈی زورزی 16 اور ریان رکلٹن 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں نعمان علی نے حاصل کیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز 269 رنز پر سمٹی تھی، جس کے بعد پاکستان کو 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ تیسرے روز کھیل کا آغاز جنوبی افریقہ کے 216 رنز اور چھ کھلاڑی آؤٹ سے ہوا۔
دن کے ابتدائی لمحات میں سینورن متھوسوامی 11 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار ہوئے، جب کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ٹونی ڈی زورزی 104 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان نے 3 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ میں رہی۔
پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے امام الحق بغیر کوئی رن بنائے سیموئن ہارمر کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے، جب کہ کپتان شان مسعود 7 رنز ہی بنا سکے۔
عبداللہ شفیق 41، بابر اعظم 42، سعود شکیل 38 اور محمد رضوان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نچلے نمبروں پر آنے والے بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، اور پوری ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان نے یوں جنوبی افریقہ کو 277 رنز کا ہدف دیا ہے، جب کہ میچ کا چوتھا دن فیصلہ کن ثابت ہونے کا امکان ہے۔