صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے دورہ عراق کے دوران بغداد میں مختلف زیاراتِ مقدسہ پر حاضری دی اور عالمِ اسلام کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
ایوانِ صدر کے اعلامیے کے مطابق، صدرِ مملکت نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ (غوثِ اعظم) کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کاظمیہ مقدسہ میں امامِ موسیٰ الکاظمؑ اور امامِ محمد التقیٰ الجوادؑ کے روضوں پر بھی حاضری دی، جہاں انہوں نے زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
صدر زرداری نے آئمۂ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو انسانیت کے لیے علم، حکمت، صبر اور اخلاقی قوت کا عظیم سرچشمہ قرار دیا۔ انہوں نے امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور وہاں فاتحہ خوانی کی۔ دورے کے دوران صدرِ مملکت نے مزارات کے منتظمین اور جید مبلغین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے علمی و روحانی کردار کو سراہا۔