پی ٹی اے کا بڑا دعویٰ: فحش مواد دیکھنے کے عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن میں کمی

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مقرم علی نے انکشاف کیا ہے کہ فحش مواد سے متعلق آن لائن سرچز میں پاکستان اب بھی عالمی سطح پر سرفہرست ہے، تاہم مواد دیکھنے (ویورشپ) کے حوالے سے پاکستان اب پہلے نمبر پر نہیں رہا۔ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی اے کی جانب سے فحش ویب سائٹس کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے بعد واضح اثرات سامنے آئے ہیں اور پاکستان اب عالمی سطح پر پہلی پوزیشن سے نیچے آ چکا ہے۔ ڈاکٹر مقرم علی کے مطابق اب تک تقریباً 13 لاکھ فحش اور غیر اخلاقی ویب سائٹس بلاک کی جا چکی ہیں، جن میں بچوں کے آن لائن تحفظ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی اے کسی بھی ویب سائٹ کو ازخود بند نہیں کرتا بلکہ صرف غیر اخلاقی مواد کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر مقرم علی نے عدالتی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات اتھارٹی کو متضاد فیصلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جہاں ایک عدالت پلیٹ فارم بلاک کرنے اور دوسری بحال کرنے کا حکم دیتی ہے، ایسی صورت میں قانونی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔ وکی پیڈیا کی بندش پر عالمی ردعمل کے بعد بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویب سائٹس بلاک کرنے کے احکامات حکومتی ہدایات کی روشنی میں جاری کیے جاتے ہیں جو ماضی کے ادوار میں بھی ہوتا رہا ہے۔

سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اب سائبر سیکیورٹی کی تیاری کے لحاظ سے دنیا کے نمایاں ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے سائبر محاذ پر برتری حاصل کی اور کسی بھی پاکستانی ویب سائٹ کو نقصان نہیں پہنچا۔ آخر میں انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ پی ٹی اے موبائل ٹیکس وصول نہیں کرتا، بلکہ یہ مکمل طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ذمہ داری ہے۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x