کراچی (اسٹاف رپورٹر) — سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کراچی چڑیا گھر انتظامیہ اور وائلڈ لائف ٹیم نے رانو ریچھ کو پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے بخیر و عافیت اسلام آباد منتقل کر دیا۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی دانیال سیال کے مطابق، ٹیم کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ انداز کے باعث رانو ریچھ کا سفر کامیابی سے مکمل ہوا۔
رانو ریچھ کی محفوظ روانگی
رانو ریچھ کو قدرتی ماحول سے ہم آہنگ خصوصی کیج میں رکھا گیا، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے فیصل ایئر بیس کراچی کے ماہر عملے نے ٹرانسفر کریٹ کو کارگو گاڑی سے آف لوڈ کرکے اپنی مہارت سے سی ون تھرٹی طیارے میں لوڈ کیا۔
طیارہ صبح ساڑھے آٹھ بجے کراچی سے روانہ ہوا اور نور خان ایئر بیس اسلام آباد پر بخیر و عافیت لینڈ کر گیا۔
منتقلی کے دوران ماہر ٹیم کی نگرانی
دورانِ پرواز، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے عباس، انیس ثنا، کراچی زو کے ویٹنری ڈاکٹر عامر، ڈاکٹر شہلا حیات، ڈاکٹر ذوالفقار حیدر، ممتاز علی سومرو اور ماہرہ عمر نے باری باری رانو ریچھ کے کریٹ کا معائنہ کیا۔
رانو ریچھ پورے سفر میں پُرسکون رہا اور زیادہ تر وقت نیند میں گزرا، جبکہ جہاز میں آکسیجن لیول اور ایئر کنڈیشن سسٹم مکمل طور پر فعال رہا۔
اسلام آباد میں والہانہ استقبال
نور خان ایئر بیس پر آف لوڈنگ کے دوران پاکستان ایئر فورس کا عملہ رانو ریچھ کی ٹرانس لوکیشن ٹیم کے ساتھ موجود رہا۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے اراکین نے ایئر بیس پر رانو ریچھ کا پھولوں سے استقبال کیا اور اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں ریچھ کو مخصوص سینکچری میں منتقل کر دیا گیا۔
مکمل شفاف عملدرآمد
ترجمان کے مطابق رانو ریچھ مکمل طور پر صحت مند ہے، جبکہ اس کی خوراک، دیکھ بھال اور معمولات سے متعلق تمام تفصیلات اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا گیا ہے، اور اس حوالے سے پیشرفت رپورٹ آئندہ سماعت میں عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق، رانو ریچھ کی منتقلی کا پورا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا، جبکہ میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھی ہر مرحلے سے وقتاً فوقتاً آگاہ رکھا گیا۔