نئی دہلی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے طویل عرصے بعد ریمپ پر جلوہ گر ہو کر شائقین کے دل جیت لیے۔ ان کی کالی شیروانی میں دبنگ انٹری نے فیشن شو کو یادگار بنا دیا۔
ممبئی میں ہونے والے اس فیشن شو میں سو سے زائد ماڈلز نے شرکت کی، تاہم تمام تر توجہ کا مرکز سلمان خان ہی رہے۔ جب وہ شو کے اختتام پر کالی را سلک کی اوپن شیروانی میں اسٹیج پر آئے تو حاضرین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔
شاہانہ لباس اور منفرد انداز
سلمان خان کی شیروانی پر نفیس ریشمی کڑھائی کی گئی تھی، جب کہ نیچے انہوں نے پن ٹک کرتا اور سیدھی پتلون پہنی ہوئی تھی، جس سے ایک شاہانہ اور جاذبِ نظر لک سامنے آئی۔
شیروانی کے کندھوں، سینے اور آستینوں پر سنہری، میرون اور فوشیا پنک رنگوں میں خوبصورت پھولوں کی کشیدہ کاری نمایاں تھی، جس نے ان کے روایتی انداز میں جدید دلکشی کا اضافہ کیا۔
شوبز ستاروں کی شرکت
فیشن شو میں فلمی اور فیشن انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں سشمیتا سین، بپاشا باسو، جنیلیا ڈیسوزا، سوناکشی سنہا، بوبی دیول، تانیا دیول، دیا مرزا، نسرّت بھروچا، ریا چکرورتی اور نیلم کوٹہاری سونی شامل تھیں۔
تمام مہمانوں نے سلمان خان کے فیشن سینس اور ان کے پراعتماد انداز کی بھرپور تعریف کی۔
ریمپ پر واپسی کے بعد ماضی کی جھلک
واضح رہے کہ سلمان خان اس سے قبل بھی روایتی لباس میں ریمپ پر واک کر چکے ہیں۔
سال 2018 میں وہ کترینہ کیف کے ہمراہ منیش ملہوترا کے ملبوسات میں جلوہ گر ہوئے تھے۔
اسی طرح فلم ”پریم رتن دھن پایو” کی پروموشن کے دوران انہوں نے کھادی کے پاجامہ کرتا اور شال کے ساتھ منفرد انداز اپنایا تھا۔